نور خلاق دوجہاں مولا
رہبر نوع انس و جاں مولا
دین کا پیکر مجسم ہیں
آپ ابن رسول اکرم ہیں
آپ نورنظر ہیں حیدر کے
آپ وارث ہیں ہر پیمبر کے
آپ زھرا کے دل کی قوت ہیں
آپ اسلام کی ضرورت ہیں
آپ ہیں عکس ، خلق شبر کا
آپ پیکر ہیں عزم سرور کا
شاہ کرب و بلا کی جان سلام
آپ پر صاحب الزمان سلام
آپ کی یاد میں تڑپتی ہے
کربلا کب سے راہ تکتی ہے
آپ سجاد کی نشانی ہیں
علم باقر کی ترجمانی ہیں
جعفری آن بان کے مالک
کاظمی عزو شان کے مالک
آپ شمس الشموس لگتے ہیں
کتنےمولا رضا سے ملتے ہیں
آپ ہیں نازش امام جواد
اور علئ نقی کا قلب و فواد
ہو بہو عسکری ہے آپ کی ذات
نرجسی آپ کی ہے ہر اک بات
منجئ نوع آدمیت ہیں
آپ ہی خاتم امامت ہیں
رب برحق سے ہے دعا میری
رات دن ہے یہ التجا میری
ہر برائی کو دور فرمادے
آپ کا اب ظہور فرما دے
السلام علیک یاصاحب الزمان
از قلم: مولانا ظہور مہدی مولائی، قم مقدس ایران